ویلنگٹن ۔5 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں شاندار کامیابی کے بعد ہندوستانی ٹیم روہت شرما کی قیادت میں ٹوئنٹی 20 سیریز کا بھی کل یہاں کامیاب آغاز کیلئے کوشاں ہوگی ۔ ہندوستانی ٹیم جس نے حالیہ دنوں میں کئی ایک تاریخی فتوحات ہی نہیں بلکہ سیریز بھی اپنے نام کی ہے لہذا وہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی ٹوئنٹی 20 سیریز بھی اپنے نام کرنے کی غرض سے کل یہاں میزبان ٹیم کے خلاف میدان میں صف آراء ہوگی ۔ ہندوستانی ٹیم جس نے حالیہ برسوں میں جو فتوحات حاصل کی ہیں ان میں ابتدائی 3 مقامات پر بیٹسمینوں کو زیادہ تبدیل نہ کرنا کلیدی رول رہا ہے تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف مستقل کپتان ویراٹ کوہلی اور کے ایل راہول مختلف وجوہات کی بناء پر ٹیم میں شامل نہیں ہے لہذا نمبر 3 مقام خالی ہے جس پر کسی نوجوان بیٹسمین کو آزمانے کا امکان ہے ۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم کرکٹ کا فارمٹ بدلتے ہی اپنی شکست کو کامیابی میں تبدیل کرنے کی خواہاں ہوگی جیسا کہ ہندوستان کے خلاف میزبان ٹیم کا ٹوئنٹی 20 میں ریکارڈ کافی شاندار ہے ۔ نیوزی لینڈ کو بھی اس سیریز میں اپنے جارحانہ اوپنر مارٹن گپٹل کی خدمات دستیاب نہیں ہیں جس سے کین ویلمسن اور راس ٹیلر پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوگی ۔ ہندوستان کیلئے ویراٹ کوہلی کے مقام پر ٹیم میں شامل کئے جانے والے شبھمن گل نے 2 ونڈے مقابلوں میں 7 اور 9 رنز ہی اسکور کئے ہیں لیکن اُمید ہے کہ 2 ونڈے مقابلوں میں بیٹسمینوں کے لئے مشکل حالات ہونے کی وجہ سے گل زیادہ کامیاب نہیں ہوئے ہیں تاہم ٹوئنٹی 20 میں وہ نمبر 3 پر بیٹنگ کرتے ہوئے بہتر مظاہرہ کریں گے ۔ نیوزی لینڈ کے لئے کپتان ولیمسن اور کالن منرو اننگز کا آغاز کریں گے جبکہ ہندوستانی ٹیم میں مہندر سنگھ دھونی اور ہاردک پانڈیا کی واپسی اور اوپننگ میں کپتان روہت شرما اور شکھردھون ٹیم کی طاقت ہیں جبکہ بولنگ میں بھوبنیشور کمار ، کلدیپ یادو اوریوزویندر چہل ہے ۔