ہند۔پاک کپتانوں نے پریس کانفرنس کے بعد مصافحہ نہیں کیا

   

دبئی ۔9 ستمبر (پی ٹی آئی ) ایشیا کپ 2025 کے آغاز سے قبل منگل کو ہندوستان، پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور دیگر شریک ٹیموں کے کپتانوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔ حسبِ توقع زیادہ تر سوالات روایتی حریف ٹیموں کے کپتانوں، ہندوستان کے سوریا کمار یادو اور پاکستان کے سلمان علی آغا سے کیے گئے۔ دونوں کو اس ٹورنمنٹ کی سب سے مضبوط ٹیموں کا قائد قرار دیا جا رہا ہے۔ پریس کانفرنس میں روایتی سوالات سامنے آئے، تاہم تقریب کے اختتام پر پیش آنے والا ایک واقعہ ٹورنمنٹ کے بقیہ حصے کا لہجہ طے کرگیا۔ پریس کانفرنس ختم ہوتے ہی پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا اسٹیج پر روایتی مصافحے یا ملاقات کے بغیر ہی سیدھا باہر نکل گئے۔ اس دوران ہندوستان کے کپتان سوریا کمار یادو نے دیگرکپتانوں سے مصافحہ اور گفتگو کی، جن میں افغانستان کے راشد خان بھی شامل تھے۔ اس منظر نے سوشل میڈیا پر فوری طور پر توجہ حاصل کر لی اور یہ تاثر دیا گیا کہ ہندوستان اور پاکستان کے کپتان ایک دوسرے سے نہیں ملے۔ تاہم بعد میں سامنے آنے والی ایک اور ویڈیو نے صورتِ حال واضح کردی۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایونٹ ہال سے باہر نکلتے وقت سلمان علی آغا اور سوریاکمار یادو آمنے سامنے آئے اور ایک دوسرے سے مصافحہ کیا۔ یوں اگرچہ اسٹیج پر مصافحہ نہ ہو سکا، مگر دونوں کپتانوں نے بعد میں باہمی خیرسگالی کا اظہارکیا۔ یہ واقعہ ایشیا کپ کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کے تعلقات اور سخت مقابلے کی فضا کو مزید اجاگر کرتا ہے۔