چار زخمی کھلاڑیوں میں سے تین فٹ، ہرشیت رانا اسکواڈ سے باہر
نئی دہلی: 10 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز شروع ہونے سے پہلے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ اسکواڈ میں شامل کیے گئے چار زخمی کھلاڑیوں میں سے تین کو سیریز شروع ہونے سے چند دن قبل فٹ قرار دے دیا گیا ہے۔ یعنی بی سی سی آئی سینٹر آف ایکسی لینس نے ان کھلاڑیوں کو پلینگ-11 میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔بتاتے چلیں کہ افغانستان کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے بی سی سی آئی نے تیز گیند باز جسپریت بمراہ، ہرشیت رانا، آل راؤنڈر نتیش ریڈی اور واشنگٹن سندر کو اسکواڈ میں فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کی شرط پر رکھا تھا۔ اب یہ خبر آ رہی ہے کہ بمراہ، ریڈی اور سندر نے اپنا فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا ہے، جب کہ رانا کو اپنی چوٹ سے ابھرنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔اسی لیے ہرشیت رانا کے 13 ستمبر سے افغانستان کے خلاف شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز تک فٹ ہونے کا امکان نہیں ہے۔ رانا آخری بار انگلینڈ کے دورے پر بھارت کے لیے کھیلے تھے۔ انہیں دہلی میں ہونے والے تین میچوں کے لیے بھارتی ٹیم میں فٹنس کی بنیاد پر شامل کیا گیا ہے۔ انہیں ایشیائی کھیلوں کے لیے بھی بھارتی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے ایک ذرائع نے بتایا، ‘وہ ابھی تک اپنے پیر کے پٹھوں کے کھچاؤ (ہیومسٹرنگ انجری سے پوری طرح نہیں ابھر پائے ہیں۔ انہیں اور وقت کی ضرورت ہوگی۔’ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اگر رانا فٹ نہیں ہو پاتے ہیں تو تیز گیند باز پرنس یادو آخری وقت میں ٹیم میں شامل ہو سکتے ہیں۔بتاتے چلیں کہ افغانستان سیریز کے بعد بھارت 22 ستمبر کو ٹوکیو میں جاپان کے خلاف واحد مقابلہ کھیلے گا۔ اس کے بعد بھارتی ٹیم 28 ستمبر سے ایشیائی کھیلوں میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔