ہند و پاک کشیدگی سے افغانستان میں قیام امن کا عمل متاثر

   

کابل۔ 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں پاکستان کے سفیر زاہد نصر اللہ خاں نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے یہ ادعا کیا کہ فی الحال پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جو کشیدگی ہے، اس سے افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو شدید دھکا لگے گا۔ تولو نیوز نے زاہد نصراللہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پلوامہ دہشت گرد حملے کے بعد پورے خطے کا استحکام متزلزل ہوسکتا ہے۔ یاد رہے کہ پلوامہ دہشت گرد حملے میں سی آر پی ایف کے زائد از 40 جوان شہید ہوگئے تھے۔ انہوں نے قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جو موثر رول ادا کیا ہے، اس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جارہا ہے، حالانکہ اس میں پاکستان کا رول محدود نوعیت کا ہی ہے لیکن ہم اپنی اس محدود ذمہ دار کو بخوبی نبھانے کی کوشش کررہے ہیں، لہذا ہر معاملے پر پاکستان سے خوب سے خوب تر کی توقع رکھنا بھی مناسب نہیں۔ انہوں نے اس موقع پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ہندوستان کو دیئے گئے انتباہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان پر فوج کشی کی گئی تو وہ بھی جوابی کارروائی کرے گا۔