نئی دہلی: حکمران جماعت بی جے پی اور اپوزیشن کانگریس کے ارکان کی ہنگامہ آرائی کے باعث راجیہ سبھا کی کارروائی چہارشنبہ کو دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ضروری دستاویزات میز پر رکھے جانے کے بعد چیرمین جگدیپ دھنکھڑ نے رول 267 کے تحت دیے گئے نوٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت سات زمروں میں 11 نوٹس دیے گئے ہیں۔ اس کے بعد بی جے پی ارکان نے اپنی نشستوں کے قریب کھڑے ہوکر شور مچانا شروع کردیا۔ اس کے بعد کانگریس ارکان نے بھی اپنی نشستوں کے قریب کھڑے ہوکر ہنگامہ شروع کردیا۔اس دوران اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔غور طلب ہے کہ پیر کو بجٹ سیشن کے دوسرے مرحلے کے آغاز سے ہی کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی جانب سے لندن میں دئے گئے بیان کے تعلق سے حکمراں جماعت کے ارکان ان سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کررہے ہیں اور اپوزیشن ممبراڈانی گروپ پر امریکی فرم ہنڈن برگ کی رپورٹ کے پیش نظر پورے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے ایوان میں مسلسل دو دن تک کوئی کام نہیں ہو سکا۔