ہوائی : بیرون ملک سے روزگار کی تلاش میں آنے والوں کے لئے ہوائی کا شہر لاہائینا ایک نخلستان تھا جہاں ملازمت کے بے شمار مواقع ایک پر آسائش زندگی کی ضمانت تھے۔ خوبصورت قدرتی نظاروں میں گھرے اس شہر میں تارکینِ وطن دنیا بھر سے جمع ہو گئے تھے۔ اس شہر کی آبادی میں غیر ملکی باشندوں کی تعداد 32 فیصد تھی جو 2022 میں امریکی مردم شماری کے مطابق پورے امریکہ میں موجود غیر ملکیوں سے تقریباً دوگنی تعداد ہے۔ اور وہ اس کمیونٹی میں اہمیت رکھتے تھے۔ اس ماہ کے شروع میں لگنے والی آگ سے سمندر کے کنارے آباد شہر لاہائینا میں تباہی کا منظر ہے۔ ریاست کے گورنر جوش گرین کے مطابق، آگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 114 ہو گئی ہے۔ 1000 سے زیادہ لوگ لاپتہ ہیں اور خدشہ ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ گرین نے امریکی ٹیلی ویڑن سی بی ایس کو اتوار کے روز بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے 85 فیصد علاقہ کا جائزہ مکمل کر لیا ہے اور باقی علاقوں میں تنعش کے کام میں ہفتوں لگ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ صدر بائیڈن اور خاتونِ اول جل بائیڈن پیر کے روز امریکی ریاست ہوائی کے دورے پر پہنچے ہیں، جہاں وہ ماوی میں ہولناک آتشزدگی کے بعد ہونے والے وسیع نقصان کا مشاہدہ کرنے اور عہدیداروں سے ملاقات کے علاوہ متاثرین کی صورتِ حال اور امدادی کاموں کا جائزہ بھی لے رہے ہیں۔ 13 ہزار کی آبادی کا شہر لاہائینا جنگل کی طرح پھیلتی آگ سے تقریباً تباہ ہو چکا ہے۔