ہوا سے گرے شیوا جی کے مجسمہ پر سیاست گرم

   

سندھو درگ ۔ مہاراشٹر کے سندھو درگ ضلع میں خراب موسم کی وجہ سے پیرکو مراٹھا جنگجو چھترپتی شیواجی مہاراج کا مجسمہ اچانک گرگیا۔ پی ایم مودی نے آٹھ ماہ قبل اس کی نقاب کشائی کی تھی۔ مجسمہ گرنے سے ریاست میں سیاست بھی گرم ہوگئی ہے۔ ہوا کی رفتار پر سے گرنے والے مجسمہ پر سیاست کی جا رہی ہے۔ سی ایم ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ ہوا کی رفتار45 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ کانگریس نے کہا ہے کہ یہ رفتار 26 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ شیوسینا (ادھو دھڑے) کے رہنما سنجے راوت نے کہا ہے کہ ہوا تیز نہیں تھی۔ طاقت کی ہوا دماغ میں داخل ہو چکی ہے۔ شیواجی مہاراج کے مجسمے کو گرائے جانے پر پی ڈبلیو ڈی پر مسلسل سوالات اٹھ رہے ہیں۔ سوالوں کے درمیان محکمہ کے انجینئر کا ایک خط سامنے آیا ہے۔ اس میں 20 اگست 2024 کو متعلقہ محکمے کو خط لکھ کر مورتی کی خراب حالت کے بارے میں جانکاری دی گئی تھی۔ فی الحال مالوان پولیس نے اس معاملے میں مجسمہ بنانے والے دو لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔