ایک مسلمان کی چھ ہندو حفاظت کریں گے، نتیش کمار کی خاموشی پر تنقید
حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) ایسے وقت جبکہ فرقہ پرست طاقتیں ملک میں مسلمانوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے طرح طرح کے بیانات دے رہی ہیں‘ بہار کے اپوزیشن لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل کے قائد تیجسوی یادو نے ایک دلیرانہ اعلان کرتے ہوئے فرقہ پرست طاقتوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ ہولی کے موقع پر مسلمانوں کو گھروں تک محدود رہنے سے متعلق بیان بازی کے دوران تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار میں ہر مسلمان بھائی کا پانچ تا چھ ہندو تحفظ کریں گے۔ بہار کے مدھوبنی ضلع کے اسمبلی حلقہ بسفی سے نمائندگی کرنے والے بی جے پی رکن ہری بھوشن ٹھاکر بچھول نے کہا کہ ہولی کے موقع پر مسلمانوں کو گھر میں رہنا چاہیئے یا پھر بڑا دل لے کر رنگ کو برداشت کریں۔ ہری بھوشن ٹھاکر نے کہا کہ سال میں 52 جمعے آتے ہیں جبکہ ہولی صرف ایک مرتبہ آتی ہے۔ مسلمانوں کو چاہیئے کہ وہ بڑا دل لے کر نکلیں اور رنگ لگ جانے پر برا نہ مانیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر رنگ برداشت نہیں تو گھر میں خود کو محدود کرلیں۔ تیجسوی یادو نے ہری بھوشن ٹھاکر کے بیان کی مذمت کی اور کہا کہ جس انداز میں بی جے پی رکن نے مسلمانوں کے بارے میں بیان دیا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا بہار میں بچھول یا ان کے باپ کا راج نہیں ہے جو بی جے پی رکن مسلمانوں کو دھمکانے کی کوشش کررہے ہیں۔ تیجسوی یادو نے سوال کیا کہ چیف منسٹر نتیش کمار بی جے پی رکن کے بیان پر خاموش کیوں ہیں۔ اسمبلی میں دلت طبقہ کی خواتین کی جانب سے حقوق کا مطالبہ کرنے پر چیف منسٹر نے انہیں ڈانٹ دیا تھا لیکن ان میں ہمت نہیں ہے کہ بی جے پی رکن کو بلاکر ڈانٹیں۔ ہندوستان گنگا جمنی تہذیب اور رام ۔ رحیم کو ماننے والا ملک ہے۔ بی جے پی قائدین کو سمجھنا چاہیئے کہ یہاں یہ زبان نہیں چلے گی۔ ایک مسلمان بھائی کی حفاظت پانچ تا چھ ہندو کریں گے، تم اور تمہارے باپ توگڑیہ جیسے قائدین کو بہار کے عوام نمٹنا بہتر طورپر جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار رہے یا نہ رہے لالو پرساد کے نظریات پر یقین رکھنے والے اور دستور پر عمل پیرا افراد بہار میں فرقہ پرست طاقتوں کو اُبھرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور فرقہ وارانہ ایجنڈہ کو ناکام بنائیں گے۔1