ہولی کے پیش نظر سائبر آباد پولیس کمشنریٹ حدود میں تحدیدات

   

اجنبی افراد پر رنگ ڈالنے پر سخت کارروائی : کمشنر پولیس اویناش موہنتی
حیدرآباد۔ 12 مارچ (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے ہولی تہوار کے پیش نظر کمشنریٹ حدود میں تحدیدات عائد کردیا ہے۔ کمشنر پولیس اویناش موہنتی نے جاری کردہ صحافتی بیان میں عوامی مقامات پر تہوار منانے اور رنگولی کا استعمال کرنے اور موٹر سائیکلوں کے علاوہ دیگر گاڑیوں کے جلوس پر پابندی لگادی ہے۔ تحدیدات پر 14 مارچ شام 6 بجے سے 15 مارچ شام 6 بجے تک سختی سے عمل کیا جائے گا۔ اس دوران جان پہچان اور اجنبی افراد پر رنگولی کو پھینکنے کی اجازت نہیں رہے گی۔ رنگولی اور پانی والے رنگوں کا اجنبی شہریوں پر استعمال کی قطعی اجازت نہیں رہے گی۔ ایسے شہری جو تہوار کی خوشیاں منارہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ دیگر شہریوں کی سہولیات کا بھی خیال رکھیں۔ لہذا موٹر سائیکل یا پھر دیگر گاڑیوں پر جلوس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات سڑکوں پر بھی رنگ کھیلنے کی اجازت نہیں رہے گی۔ کمشنر پولیس نے دوسرے شہریوں کا خیال رکھتے ہوئے تہوار کو خوشگوار انداز میں منانے کی توقعات کا اظہار کیا اور عوام سے درخواست کی کہ وہ پولیس کی جانب سے کئے جارہے اقدامات اور انتظامات کا خیال رکھیں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ع