لندن ۔27 اکتوبر (ایجنسیز) برطانوی وزیرِ داخلہ شبانہ محمود نے کہا ہے کہ ہوم آفس فی الحال اپنے مقصد کے لیے موزوں نہیں ہے، کیونکہ ایک خفیہ رپورٹ نے محکمے کی سنگین خامیوں اور اندرونی ناکامیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ 2023 میں سابق حکومت کے دور میں سابق مشیر نک ٹموتھی کی تیارکردہ رپورٹ 2 سالہ قانونی جدوجہد کے بعد منظرِ عام پر آئی ہے۔ اس میں محکمے کے اندر ناکامی کے کلچر، امیگریشن کے حوالے سے مایوس کن رویے اور مختلف متضاد نظاموں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ شبانہ محمود جنہوں نے ستمبر میں یویٹ کوپرکی جگہ وزارتِ داخلہ کا قلمدان سنبھالا، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ میں ہوم آفس کو مکمل طور پر ازسرِنو تشکیل دینے کا عزم رکھتی ہوں جو ناکامی کے لیے بنایا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ہوم آفس کے قانونی مشیروں میں حد سے زیادہ دفاعی رویہ پایا جاتا ہے اور اعلیٰ حکام اکثر وزیروں کو ناپسندیدہ حقائق بتانے سے گریز کرتے ہیں۔