1,049 ہوم گارڈس کو استفادہ کا موقع : وی سی سجنار
حیدرآباد 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے کل ہوم گارڈس کے لئے نئے سال کے تحفے کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے ’’سائبرآباد ہوم گارڈس میوچلی ایڈیڈ کوآپریٹیو تھرفٹ اینڈ کریڈٹ سوسائٹی لمیٹیڈ‘‘ کا افتتاح کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں ہوم گارڈس کے لئے اپنی نوعیت کی پہلی سہولت کا آغاز کیا۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے مسٹر سجنار نے کہاکہ یہ سوسائٹی سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں کام کرنے والے ہوم گارڈس کو مالی مدد فراہم کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’ہوم گارڈس کو 50,000 روپے کا قرض سالانہ 6 فیصد شرح سود یعنی صرف 50 پیسے سود پر منظور کیا جائے گا۔ اس قرض کی وصولی بشمول سود 50 اقساط میں کی جائے گی۔ یہ سوسائٹی اس کے قیام کے تین ماہ بعد اہل امیدواروں کو قرض دینا شروع کرے گی۔ وہ ہر ماہ تھرفٹ رقم کے طور پر 1,000 روپئے، ویلفیر رقم کے طور پر 50 روپئے اور پہلے ماہ کی ایڈمیشن فیس کے طور پر 50 روپئے وصول کرتی ہے۔ یہ سوسائٹی ہوم گارڈس کے مسائل کی نشاندہی کرنے کے لئے بھی کام کرے گی اور ہوم گارڈس کی ضرورت کے وقت انھیں درکار مدد فراہم کرنے کو یقینی بنانے پر توجہ دے گی۔ قرض کی رقم میں ان کی تنخواہوں کے لحاظ سے اضافہ ہوسکتا ہے۔