فتوردا (گوا)۔8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) چینین ایف سی ہفتہ کو یہاں جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں میزبان ایف سی گوا کے ہاتھوں شکست کے باوجود ہیرو انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل ) کے چھٹے سیزن کے فائنل میں پہنچ گئی ہے ۔دو بار کی چمپئن چینین ایف سی گوا نے 4-2 سے شکست دی۔ لیکن اپنے گھر میں ملی 4-1 کی جیت کی بدولت 6-5 کے مجموعی اسکور کے ساتھ چینین تیسری بار فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔ چینین ایف سی اس سے پہلے بھی دو بار فائنل میں پہنچی تھی اور دونوں بار چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ گزشتہ سال فائنل میں بنگلور ایف سی کے ہاتھوں ہارنے والی گوا کی ٹیم تمام کوششوں کے باوجود مسلسل دوسری اور کل تیسری بار فائنل میں پہنچنے سے چوک گئی۔چینین اس میچ میں بغیر کسی تبدیلی کے جبکہ میزبان گوا برینڈن فرنانڈیز اور ھگو بوموس کے ساتھ اتری۔ گوا نے فری کک کے ذریعے میچ کی شروعات کی اور کچھ دیر بعد ہی قسمت کے سہارے ہی صحیح میچ میں اپنا اکاؤنٹ کھول لیا۔ مڈفیلڈر جیکي چند سنگھ کو باکس کے اندر ایک کراس ملا۔ جیکی اس کراس پر ہیڈر لگانے جا رہے تھے کہ تبھی چینین کے لسین گوین اسے کلیئر کرنے کی کوشش میں گیند کو ہیڈر کے ذریعے اپنے ہی نیٹ میں مار بیٹھے ۔گوین کے خودکش گول نے گوا کو 10 ویں منٹ میں 1-0 کی برتری دلا دی۔ میزبان ٹیم نے اس 11 منٹ بعد ہی ایک بار پھر اپنی برتری کو دگنا کر دیا۔