ہیریٹیج سائٹس کو پنجاب کے ہیروز سے منسوب کیا جائے

   

امرتسر: اقلیتی کمیشن کے مشیر پروفیسر سرچند سنگھ خیالا نے قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین مسٹر اقبال سنگھ لالپورہ سے پنجاب کی سڑکوں اور دیگر تاریخی مقامات کے انگریزوں کے نام کو بدل کر سکھ گروؤں، سکھ جرنیلوں اور مجاہدین آزادی کے نام پر رکھنے کے لئے پنجاب حکومت اور متعلقہ مرکزی وزارت سے وکالت کرنے کی اپیل کی ہے ۔پروفیسر سرچند سنگھ خیالا کے ساتھ بی جے پی کی کور کمیٹی کے رکن ڈاکٹر جسوندر سنگھ ڈھلون، بی جے پی کے ترجمان کلدیپ سنگھ کاہلون اور سینئر لیڈر یادوندر سنگھ بٹر نے اتوار کو کہا کہ بھگونت مان کی حکومت پنجاب کی تاریخ اور ورثے کو بچانے کے لئے صرف باتیں کرتی ہے ۔ لیکن سیاسی قوت ارادی کی کمی کی وجہ سے زمینی سطح پر کچھ نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی کئی سڑکیں اور تاریخی مقامات آج بھی انگریزوں کے نام سے منسوب ہیں ۔