موت سے چند گھنٹے قبل بیوی بچوں سے ویڈیو کالنگ، آبائی گاؤں میں غم کا ماحول
حیدرآباد۔/8ڈسمبر، ( سیاست نیوز) جنرل بپن راوت کے ساتھ ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک ہونے والے فوجی جوانوں میں ایک کا تعلق آندھرا پردیش کے ضلع چتور سے ہے۔ چتور ضلع کے کورا بالا کوٹا منڈل کے ایگوا ریگڑا گاؤں سے تعلق رکھنے والے سائی تیجا محکمہ دفاع میں لانس نائیک کے عہدہ پر فائز تھے۔ جنرل بپن راوت کے شخصی محافظین کی ٹیم میں سائی تیجا شامل تھے۔ آج دوپہر وہ بپن راوت کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں سوار تھے اور دوسروں کے ساتھ اُن کی موت واقع ہوگئی۔ ضلع چتور میں سائی تیجا کی موت کی اطلاع عام ہوتے ہی ان کے گاؤں اور دیگر علاقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ 2013 میں بنگلور رجمنٹ میں فوجی جوان کے طور پر منتخب کئے گئے ۔ سرویس کے ایک سال کے بعد امتحان لکھ کر کمانڈو کے عہدہ پر فائز ہوئے۔ بعد میں وہ لانس نائیک کے عہدہ پر ترقی پائے۔ ایک سال قبل تک بھی وہ بنگلور میں آرمی ٹریننگ سنٹر میں خدمات انجام دیتے رہے۔ حال ہی میں انہیں جنرل بپن راوت کے شخصی حفاظتی دستہ میں شامل کیا گیا۔ سائی تیجا کی اہلیہ شاملا، دختر درشنی اور بیٹا موکشگنا شامل ہیں۔ سائی تیجا کے افراد خاندان مدنپلی کی ایس بی آئی کالونی میں مقیم ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح 8-45 بجے سائی تیجا نے ویڈیو کال کرکے اپنی اہلیہ، بیٹی اور بیٹے سے بات کی تھی جو ان کی رشتہ داروں سے آخری بات ثابت ہوئی۔ اس بات چیت کے صرف چند گھنٹوں بعد ہی سائی تیجا کی حادثہ میں موت کی اطلاع گھر والوں پر بجلی بن کر گری اور سارا خاندان غم میں ڈوب گیا۔ افراد خاندان اس واقعہ کے بعد اپنے آبائی گاؤں روانہ ہوئے۔ر