رانچی، 15 جنوری (یو این آئی) جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور گانڈئے اسمبلی حلقے کی رکنِ اسمبلی کلپنا سورین جمعرات کو سوئٹزرلینڈ کے سب سے بڑے شہر زیورخ پہنچ گئے ۔زیورخ ایئرپورٹ پر ہندوستان کے سفیر مردُل کمار نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ 19 سے 21 جنوری تک داؤس میں منعقد ہونے والے باوقار ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) میں شرکت کریں گے ۔سوئٹزرلینڈ پہنچنے کے بعد وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ “ہندوستانی سفیر مردُل کمار سے ملاقات کر کے بہت خوشی ہوئی۔ میں ورلڈ اکنامک فورم میں جھارکھنڈ اور ہندوستان کی نمائندگی کرنے کیلئے پُرجوش ہوں، جو قدرت کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے جامع ترقی پر مرکوز ہے ۔”وزیر اعلیٰ کے ہمراہ گانڈئے کی رکنِ اسمبلی کلپنا سورین بھی موجود ہیں۔ امکان ہے کہ وزیر اعلیٰ داؤس میں منعقد ہونے والے مختلف عالمی اجلاسوں، گول میز میٹنگوں اور سرمایہ کاروں کے ڈائیلاگ پروگراموں میں حصہ لیں گے۔