یلاریڈی /25 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دو معصوم دوست جو ہمیشہ ساتھ رہا کرتے تھے اور اسکول کے علاوہ ہر جگہ بھی ساتھ میں جایا کرتے تھے ۔ علاقہ میں ان دو معصوم بچوں کی دوستی کو دیکھ کر لوگ تعریف کیا کرتے تھے لیکن یہ دوستی آخر کار موت کے ساتھ ختم ہوگئی ۔ تالاب میں گرنے پر ایک دوست کو غرق ہوتا دیکھ کر دوسرا دوست اسے بچانے کی غرض سے جاکر وہ بھی ساتھ میں غرق ہوکرفوت ہونے کا یہ دل سوز واقعہ منڈل گندھاری کے مدیلی علاقہ میں پیش آیا ۔ سب انسپکٹر انجینلو کی تفصیلات کے مطابق موضع کے 9 سالہ شاشنک اور 9 سالہ رویندر دونوں دوست تھے یہ دونوں مقامی گورنمنٹ اسکول میں پڑھتے تھے ۔ ہفتہ کے دن گھر والے کسی تقریب میں جانے پر یہ دونوں اسکول نہیں گئے اور کھیل رہے تھے ۔ رویندر حاجت کیلئے تالاب میں جانے پر حادثاتی طور پر پانی میں گرگیا ۔ جس کو دیکھ کر دوست شاشنک اسے بچانے کی کوشش کرنے کے ساتھ غرق ہوگیا ۔ تالاب سے انہیں فوری باہر نکالا لیکن جب تک یہ دونوں فوت ہوچکے تھے ۔