یلاریڈی کے تین مقفل مکانات میں سرقہ سارقوں کی غیرمعمولی ہلچل ، عوام میں تشویش

   

یلاریڈی :۔ بی سی کالونی میں سارقوں نے تین مقفل شدہ مکانات میں سرقہ کیا ۔ سرکاری دواخانہ میں نرس کی خدمات انجام دینیو الی وسنتا خدمات مکمل کر کے شام کے 6 بجے میدک میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں برتھ ڈے پارٹی میں شرکت کیلئے گئی تھی اور سارقوں نے اس کے مکان کا قفل توڑ کر اندر گھس کر تین تولہ سونا کا نیکلس ، آدھا تولہ سونے کا انگوٹھی ، اور تین گرام کے چار انگوٹھیاں ، دیڑھ تولہ سونے کے رنگ ، 32 تولہ چاندی کا سرقہ کر لیا ۔ بازو میں واقع دتوگوڑ کے مکان کو بھی قفل شکنی کرتے ہوئے سارقوں نے چار تولہ سونا اور 30 ہزار روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا اس کے بعد وینکٹیش کا مکان جو قفل ڈال کر اپنے رشتہ داروں کے پاس گیا تھا ۔ سارقوں نے نشانہ بناتے ہوئے قفل شکنی کر کے ڈھائی تولہ سونا کی زنجیر ، 20 ہزار روپئے نقد رقم ، دس تولہ چاندی کا سرقہ کرلیا ۔ اس کے بعد نامعلوم سارقوں نے اپنا کام جاری رکھتے ہوئے ہوم گارڈ کے مقفل مکان کا قفل بھی تور رہے تھے کہ بازو مکان والے بیدار ہونے سے راہ فرار اختیار کی ۔ اس طرح نامعلوم سارقوں نے بڑی جرات کے ساتھ تین مکانات کو نشانہ بناتے ہوئے جملہ 12 تولہ سونا ، 50 ہزار روپئے نقد ، 46 تولہ چاندی کا سرقہ کرلیا ۔ سرکل انسپکٹر راج شیکھر نے مقام واردات پہنچ کر معائنہ کیا ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی جارہی ہے ۔ کلوزٹیم نے بھی ثبوتوں کو اکٹھا کیا ۔ سب انسپکٹر شویتا نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تلاش شروع کردی سلسلہ وار سرقہ وارداتوں سے عوام میں خوف کا ماحول ہے ۔