یمنی حوثی باغیوں نے تہران میں سفیر مقرر کردیا

   

دوبئی 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) یمن کے ایران کی تائید والے حوثی باغیوں نے تہران میں اپنے ایک سفیر کا تقرر کردیا ہے ۔ اس اقدام کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت نے مذمت کی ہے اور اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔ خود تہران کی جانب سے اس سفیر کے تقرر کو قبول کرنے کے تعلق سے ابھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ حوثی باغی یمن کے دارالحکومت صنعا اور شمال کے کئی اور علاقوں پر قبضہ رکھتے ہیں۔ حوثی باغیوں کے چلائے جانے والے چینل المشیرا ٹی وی نے کہا کہ ایک صدارتی حکمنامہ جاری کرتے ہوئے ابراہیم محمد محمد الدلیمی کو تہران میں جمہوریہ یمن کا سفیر مقرر کردیا گیا ہے ۔ یمن کے صدر عبدالرب منصور نے اکٹوبر 2015 میں ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرلئے تھے اور تہران پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ حوثی باغیوں کو مدد فراہم کر رہا ہے ۔ تہران نے اس الزام کی تردید کی ہے تاہم اس نے سر عام حوثی باغیوں کو اپنی سیاسی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ یمن کی حکومت نے باغیوں کی جانب سے سفیر کے تقرر کی مذمت کی ہے اور کہا کہ یہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تقرر سے پتہ چلتا ہے کہ حوثی باغیوں اور ایران کے درمیان خفیہ تعلقات قائم رہے ہیں۔