یمن :صنعا پر سعودی فوجی اتحاد کے فضائی حملے

   

صنعا،31مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک طرف دنیا میں جہاں لوگ کورونا وائرس جیسے خوفناک اور جان لیوا وبا سے دوچار ہے وہیں سعودی فوجی اتحاد نے یمن کے باغیوں کے زیر قبضہ دارالحکومت میں فضائی حملے کئے اس سے دو روز قبل حوثی باغیوں نے ناکام ڈرون اور میزائل حملہ کر کے سعودی دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنایا تھا۔مقامی افراد کے مطابق صدارتی محل، ایک فوجی اسکول اور صنعا ایئرپورٹ کے قریب ایک ایئر بس کو نشانہ بنایا گیا اور شہر بھر میں بہت زوردار دھماکہ سنا گیا۔ عالمی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق حوثی باغیوں کے نشریاتی چینل المسیرہ نیوز نے کہا کہ فوجی اسکول پر کیے گئے فضائی حملے سے 70 گھوڑے ہلاک جبکہ 30زخمی ہوگئے ۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں سعودی عرب کے حوثی تحریک کے ساتھ مذاکرات ہوئے تھے جس کے بعد سے صنعا شہر میں بمباری انتہائی کم ہوگئی تھی۔قبل ازیں جمعرات کو ہی دونوں متحارب فریقین نے کورونا وائرس کے پھیلا ؤکے پیش نظر اقوامِ متحدہ کی جانب سے فوری جنگ بندی کے مطالبہ کا خیر مقدم کیا تھا۔