عدن (یمن) 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے شمالی صوبے سعدہ میں ہفتہ کو سرکاری فوج اور حوثی باغیوں کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپ میں 20 حوثی باغی مارے گئے ۔یہ اظلاع یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی سبا نے دی ہے ۔سبا نے اپنے بیان میں فوج کے ایک کمانڈر کے حوالے سے بتایا کہ صوبہ سعدہ میں فوج اور باغیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں تقریبا 20 حوثی باغی ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے ۔فوج کے کمانڈر نے شناخت خفیہ رکھے جانے کی شرط پر بتایا کہ یہ جھڑپ سعدہ کے ضلع باقم اور الاب کو جوڑنے والی بین الاقوامی لنک روڈ کے قریب ہوئی۔ یمن کا صوبہ سعدہ ایران حمایت یافتہ حوثی باغیوں کا اہم گڑھ سمجھا جاتا ہے ۔خیال رہے یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے 2014 میں دارالحکومت صنعا سمیت دیگر شمالی علاقوں پر قبضہ کرنے کے بعد سے ہی ملک خانہ جنگی کی صورتحال دوچار ہے ۔ سعودی عرب کی قیادت والی اتحادی افواج جلا وطن صدر منصور ہادی کی حکومت کی حمایت کرنے کے لئے 2015 سے ہی حوثی باغیوں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے ۔قابل غور ہے کہ یمن میں جاری خانہ جنگی میں اب تک 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ تقریبا 30 لاکھ لوگوں کو اپنا گھربار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے ۔