گرام پنچایت اور مقامی اداروں کے انتخابات میں نوجوانوں کو اہمیت دی جائے گی : مہیش کمار گوڑ
حیدرآباد ۔ 29 نومبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے یوتھ کانگریس اور کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کے قائدین کو گرام پنچایت اور مقامی اداروں کے انتخابات میں حصہ لینے کا مشورہ دیا ہے۔ آج گاندھی بھون میں منعقدہ یوتھ کانگریس کے اجلاس کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے گرام پنچایت انتخابات میں بھاری تعداد میں حصہ لینے کی کانگریس قائدین سے اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس کے قائدین زمینی سطح پر کام کرتے ہیں تو ان کی شناخت ہوگی۔ دیہی علاقوں میں کام کرنے سے عوامی نبض کا پتہ چلے گا۔ اس کیلئے سرپنچ انتخابات کے علاوہ مجوزہ مقامی اداروں کے انتخابات ایم پی پی، زیڈ پی ٹی سی انتخابات میں یوتھ کانگریس کے قائدین بڑے پیمانے پر مقابلہ کریں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی میں کام کرنے والے قائدین کا کانگریس پارٹی میں روشن مستقبل ہے اور کانگریس پارٹی ایسے قائدین کو کبھی فراموش نہیں کرتی جو پارٹی کے استحکام کیلئے محنت اور لگن سے خدمات انجام دیتے ہیں۔ ایسے قائدین کی خدمات کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی قائدین کو کانگریس پارٹی کی دونوں آنکھیں قرار دیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگرسی کے اہم قائدین کی اکثریت کبھی این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ کارپوریشنس کے صدور اور اضلاع کانگریس کے صدور بتائے گئے ہیں۔ نوجوان کانگریس پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ ایسے ہی قائدین کی وجہ سے کانگریس پارٹی مضبوط و مستحکم ہے۔ 2