پنجہ گٹہ اور نامپلی میں راستہ روکو احتجاج، رکن اسمبلی ٹی آر ایس کی معطلی کا مطالبہ
حیدرآباد۔6۔ جنوری (سیاست نیوز) کھمم ضلع کے ٹی آر ایس رکن اسمبلی بی وینکٹیشور راؤ کی گرفتاری کے مطالبہ پر کانگریس نے حیدرآباد میں کئی مقامات پر احتجاج منظم کیا ۔ یوتھ کانگریس قائدین نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کے دفتر کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی جبکہ این ایس یو آئی کارکنوں نے پریس کلب سوماجی گوڑہ کے روبرو دھرنا منظم کیا ۔ پارٹی قائدین نے گاندھی بھون کے باہر مین روڈ پر دھرنا منظم کرکے ٹریفک میں خلل پیدا کیا ۔ پولیس نے تینوں مقامات پر احتجاجی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ یوتھ کانگریس صدر شیوا سینا ریڈی اور جنرل سکریٹری اروند یادو کے علاوہ حیدرآباد یوتھ کانگریس کے صدر روہت کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے ڈی جی پی آفس کے روبرو احتجاج منظم کرتے ہوئے رکن اسمبلی وینکٹیشور راؤ کے فرزند وی راگھویندر راؤ کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔ کتہ گوڑم ضلع سے یوتھ کانگریس کے صدر وینکٹ کی قیادت میں کارکنوں کی کثیر تعداد ڈی جی پی آفس پہنچی اور گھیراؤ کی کوشش کی ۔ پولیس اور کانگریس کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی جس میں کئی کارکن زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے یوتھ کانگریس قائدین اور کارکنوں کو گرفتار کر کے بیگم بازار پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ کی قیادت میں این ایس یو آئی کارکنوں نے سوماجی گوڑہ پریس کلب کے روبرو راستہ روکو منظم کیا۔ پولیس نے احتجاجیوں کو گوشہ محل منتقل کردیا۔ گاندھی بھون کے روبرو کانگریس قائدین بی جڈسن ، عظمی شاکر اور دیگر قائدین نے پلے کارڈس کے ساتھ احتجاج منظم کرتے ہوئے رکن اسمبلی کی ٹی آر ایس سے برطرفی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کے فرزند پر ایک خاندان کے قتل کا مقدمہ درج کیا جائے ۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت برسر اقتدار پارٹی کارکنوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ رکن اسمبلی کے فرزند نے سابق میں بھی کئی افراد کو ہراساں کیا جن میں سے کئی نے خودکشی کرلی۔ر