یوروپی ممالک ایران مخالف پابندیوں سے بچاؤ کی کوشش نہ کریں،ٹرمپ انتظامیہ کا انتباہ

   

واشنگٹن ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ٹرمپ انتظامیہ یورپ کی جانب سے ایران کے ساتھ کاروبار کرنے اور رقوم کی ترسیل کے لیے متبادل نظام کو بروئے کار لانے کی کوششوں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے اور اس نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس کی ایران کے خلاف عاید کردہ پابندیوں کو سبوتاج کیا گیا تو وہ ایسے یورپی ممالک کے خلاف جرمانوں کی صورت میں سخت کارروائی کرے گی۔لیکن یورپی یونین پر امریکہ کی اس دھمکی کا کچھ اثر نہیں ہوا ہے اور وہ ایران کے ساتھ مالی لین دین کے لیے ایک متبادل نظام کو اختیار کررہی ہے۔اگر اس پر عمل درآمد کیا جاتا ہے تو پھر امریکہ اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوسکتی ہے۔جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے پیر کو یہ اطلاع دی ہے کہ یورپی یونین نے ایران کو رقوم کی ترسیل کے لیے متبادل چینل کے قیام کی تیاری کر لی ہے۔اس سے ایران کے خلاف امریکی پابندیاں عملی طور پر غیر موثر ہو کر رہ جائیں گی۔انھوں نے کہا کہ جرمنی حالیہ مہینوں کے دوران میں برطانیہ ، فرانس اور دوسرے یورپی ممالک کے ساتھ مل کر اس پر کام کرتا رہا ہے۔