بروسلز: یورپی یونین کے کمیشن کی سربراہ اْرزْولا فان ڈئر لاین نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ منسک میں حکومتی عہدیداروں پر پابندیاں عائد کیے جانے کی حامی ہیں۔ ان کے بقول بیلاروس کی حکومت نے جمہوری اقدار کی خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی پامالی کی۔ فان ڈئر لاین نے امید ظاہر کی کہ آج جمعے کے دن یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اس بارے میں مشاورت کریں گے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا، ’’یورپی وزراء کے مابین مذاکرات سے بیلاروس کے عوام کے بنیادی حقوق اور جمہوریت کی حمایت کی بھرپور تائید سامنے آئے گی۔‘‘ یورپی یونین کے 27 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی ایک ملاقات آج جمعہ کی سہ پہر طے ہے۔ یورپی یونین ماضی میں یبلاروس کے چند سرکاری اہلکاروں پر اور سفید روس کو اسلحے کی فراہمی پر بھی پابندی عائد کر چکی ہے۔