تہران : یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ یوزیپ بوریل نے آج بروز ہفتہ تہران میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔ ان کی دیگر ایرانی حکام سے ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔ بوریل ایرانی جوہری معاہدے سے متعلق تعطل کے شکار مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے حوالے سے جمعے کی شب ایک غیر اعلانیہ دورے پر ایران پہنچے تھے۔ انہوں نے اس دورے سے قبل ٹوئٹر پر لکھا کہ موجودہ کشیدگی کے خاتمے اور معاہدے پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے واحد راستہ سفارت کاری ہی ہے۔ امریکہ اور ایران کے مابین اختلافات کی بنا پر جوہری معاہدے کی بحالی کے لئے کئی ملکی مذاکرات گزشتہ تین ماہ سے جمو دکا شکار ہیں۔