شیخ پیٹ ‘ یرہ گڈہ اور بورہ بنڈہ میں توقع کے مطابق اکثریت نہیں مل پائی ۔ ہر ڈویژنس میں محصلہ ووٹوںکا تجزیہ
حیدرآباد 15 نومبر(سیاست نیوز) بی آر ایس امیدوارہ ماگنٹی سنیتا کو حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے کسی بھی ڈویژن میں کانگریس امیدوار سے برتری حاصل نہیں ہوسکی لیکن جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد ڈویژن واری اساس پر امیدواروں کو ملے ووٹ کی تفصیلات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ شیخ پیٹ ‘یرہ گڈہ اور بورہ بنڈہ ڈویژن میں وی نوین یادو کو اتنی بھاری اکثریت میں ووٹ نہیں ملے جتنے ووٹ یوسف گوڑہ ‘ سوماجی گوڑہ ‘ وینگل راؤ نگر‘ و رحمت نگر میں حاصل ہوئے ہیں۔ ڈویژن واری اساس پر ووٹوں کی تفصیلات کا جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ شیخ پیٹ میں جہاں رکن اسمبلی نوین یادو کو 15ہزار18 ووٹ ملے اس ڈویژن میں بی آر ایس کی شکست خوردہ امیدوارہ ماگنٹی سنیتا کو 13ہزار 78 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ بی جے پی نے شیخ پیٹ ڈویژن میں 2373 ووٹ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ اس طرح بی آ ر ایس و کانگریس کے درمیان 1940 ووٹ کا فرق رہا ۔ یرہ گڈہ ڈویژن میں جہاں 29ہزار 716 ووٹ استعمال کئے گئے ان میں نوین یادو نے 14ہزار158 ووٹ حاصل کئے جبکہ بی آر ایس امیدوارہ کو 11ہزار939 ووٹ حاصل کئے اور دونوں میں 2107 ووٹ کا فرق تھا ۔ اسی طرح بورہ بنڈہ میں بھی دونوں امیدواروں میں 2482 ووٹ کا فرق رہا جہاں کانگریس رکن اسمبلی نے 14 ہزار 729 ووٹ حاصل کئے جبکہ بی آ رایس امیدوارہ کو 12ہزار 247 ووٹ ملے ہیں۔ جوبلی ہلز کے ان ڈویژن کے علاوہ مابقی ڈویژنس وینگل راؤ نگر‘ سوماجی گوڑہ‘ یوسف گوڑہ ‘ و رحمت نگر میں رکن اسمبلی نوین یادو کو زبردست ووٹ حاصل ہوئے اور بی آر ایس امیدوارہ سے بھاری فرق ان بلدی ڈویژنس میں رہا ۔ رحمت نگر میں دونوں امیدواروں کے درمیان 6025 ووٹوں کا فرق رہا جبکہ یوسف گوڑہ میں کانگریس رکن اسمبلی نے بی آر ایس امیدوارہ سے 4973 زائد ووٹ حاصل کئے ۔ وینگل راؤ نگر میں بی آر ایس امیدوار سے کانگریس کو 4182 ووٹ زائد حاصل ہوئے اور سوماجی گوڑہ میں جہاں محض 13ہزار 912 ووٹ استعمال کئے گئے وہاں کانگریس کو 7135 ووٹ ملے اور بی آر ایس کو 4408 حاصل ہوئے ۔ اس ڈویژن میں کانگریس نے 3002 ووٹ زائد حاصل کئے ہیں۔3
