ہوٹل، پبس مالکین کو سنگین نتائج کی دھمکی
حیدرآباد 12 فروری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں یوم عاشقاں منانے کے خلاف ہندو بنیاد پرست تنظیموں نے نوجوانوں اور پبس مالکین کو سخت انتباہ دیا ہے۔ وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل حیدرآباد یونٹ کے لیڈرس نے کہاکہ ولینٹائن ڈے ہندوستانی تہذیب کے خلاف ہے اور اس کو منانے کے لئے ہوٹل، پبس اور دیگر سیاحتی مقامات کے مالکین حوصلہ افزائی نہ کریں اور نوجوانوں کو ولینٹائن ڈے منانے کی اجازت نہ دیں۔ وی ایچ پی لیڈر سبھاش چندر جی نے کوٹھی وی ایچ پی آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دونوں شہروں کے بڑے ریسٹورنٹس اور ہوٹل مالکین نوجوانوں کو گمراہ کرنے کا موجب بن رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ملٹی نیشنل کمپنیز میں ملازمت کرنے والے نوجوانوں میں ولینٹائن ڈے منانے کا رجحان عام ہوتا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ولینٹائن ڈے ہندوستانی تہذیب کے خلاف ہے اور نوجوان اپنے مستقبل پر توجہ دیں اور ملک کو مضبوط کرنے میں اپنا رول ادا کریں۔ وی ایچ پی اور بجرنگ دل قائدین نے کہاکہ ہندوستان کا یوم عاشقاں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بجرنگ دل ہندو دھرم کی محافظ ہے اور یوم عاشقاں کا کلچر بیرونی ممالک کا ہے۔ وی ایچ پی قائدین نے کہاکہ حالیہ کچھ عرصہ سے دونوں شہروں کے پبس اور ریسٹورنٹس میں نوجوانوں کا ولینٹائن ڈے منایا جانا تشویش کا باعث ہے چونکہ یوم عاشقاں منانے کی آڑ میں غلط کام کئے جارہے ہیں اور نوجوان ڈرگس کا شکار بھی ہورہے ہیں۔