کیپ ٹاؤن ۔ 2جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ سال 2018 میں مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی بہتر رہی لیکن یونس خان اور مصباح الحق کی کمی محسوس کی گئی ۔ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ لارڈز ٹسٹ ، آسٹریلیا کے خلاف سیریز اور ٹی ٹوئنٹی میں فتوحات قابل ذکر ہیں۔ ٹیم کے کپتان سرفراز نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ٹیم نے مصباح الحق اور یونس خان جیسے مستند بیٹسمنوں کے بغیر ٹسٹ میچز کھیلے، جن کی کمی ڈریسنگ روم اور گراونڈ میں محسوس کی گئی۔ دوسری جانب ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے سال بھر میں اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کی ، ٹیم کی فیلڈنگ بہتر ہونے پر سب سے زیادہ خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز اور سینچورین ٹسٹ جیتا جا سکتا تھا ، شکست کی وجہ سے سال کا اختتام تکلیف دہ ہے لیکن لارڈز ٹسٹ اور آسٹریلیا کے خلاف جیت سال کی بہترین کارکردگی میں سے ہے۔