حیدرآباد۔ 6 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) نے یونٹی اسمال فینانس بینک کے پانچ ملازمین کے خلاف تقریباً 70 کروڑ روپے کے دھوکہ دہی کا کیس درج کیا ہے۔ ملزمین پر الزام ہے کہ انہوں نے قرض کی منظوری اور واپسی کے ریکارڈز میں ہیرا پھیری کرکے یہ رقم ہڑپ لی۔ بینک کی جانب سے اندرونی آڈٹ کے بعد شکایت درج کروائی گئی، جس میں جنوبی زونل آفس (لوک بھون روڈ پر واقع) میں لون پروسیسنگ اور وصولی کے لین دین میں سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ معلومات کے مطابق دھوکہ دہی 2023ء سے 2025ء تک کیا گیا۔ ملزمین میں ریجنل لون مینجمنٹ مینیجر بی نکھیلیش ریڈی، ایریا بزنس مینیجرز کرن لنگم، شیخ ارشد محمد، اجئے نیواتیا اور ریلیشن مینیجر سائی شراون کمار شامل ہیں۔ ان ملازمین نے بینک کے اندرونی لاگ ان کریڈنشلز کا غلط استعمال کرکے اجازت نہ ہونے والے افراد کو قرض کی منظوری دی۔ وہ لون پروسیسنگ ، نگرانی اور وصولی کے ذمہ دار تھے اور ادائیگی کے نظام میں ہیرا پھیری کرکے قسطیں صاف شدہ ظاہر کر دیں۔ بینک حکام کو پتہ چلا کہ کئی کیسز میں کئی قسط فینانسرز کے ذریعے مخصوص اکاؤنٹس میں بھیجی گئیں تاکہ واپسی ظاہر ہو، پھر رقم دوبارہ نکلوا لی گئی۔ ہڑپ شدہ فنڈز ملزمین کے رشتہ داروں اور معاونین کو منتقل کیے گئے۔ ابتدائی تفتیش سے تقریباً 1000 لون اکاؤنٹس میں 70 کروڑ روپے کا دھوکہ دہی منظر عام پر آئی ہے ۔ پولیس کو یہ بھی معلوم ہوا کہ کئی لونز ضمانتی جائیدادوں کی مناسب توثیق کے بغیر دیے گئے، جس سے بینک کو بھاری مالی نقصان کا خطرہ ہوا۔ آڈٹ کے بعد سی سی ایس میں شکایت درج ہوئی اور پولیس ملزمیں کے مالی لین دین اور حاصل کردہ اثاثوں کی چھان بین کر رہی ہے۔ب