یوپی: کانگریس کیلئے 17 نشستیں ،اپوزیشن اتحاد کا معاہدہ

,

   

ریاست کی 80 لوک سبھا سیٹوں میں سماج وادی پارٹی کیلئے 63 کا الاٹمنٹ

لکھنؤ: کانگریس آنے والے عام انتخابات میں اترپردیش کی 80 لوک سبھانشستوں میں سے 17 پر چناؤ لڑے گی جبکہ بقیہ 63 سیٹیں سماج وادی پارٹی کیلئے الاٹ کی جارہی ہیں، اپوزیشن اتحاد انڈیا کے شرکاء نے آج شام یہ جانکاری دی۔ کانگریس او رایس پی کے درمیان مفاہمت کا لکھنؤ میں پریس کانفرنس کے ذریعہ باضابطہ اعلان کیا گیا۔ اپوزیشن اتحاد کی طرف سے نشستوں کی تقسیم کی یہ پہلی بڑی معاملت ہے جس کا اعلان کیا گیا ہے۔ اپوزیشن اتحاد کی تشکیل گزشتہ سال جون میں ہوئی تھی تاکہ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی بی جے پی کو 2024ء کے لوک سبھا الیکشن میں شکست دی جاسکے۔ رائے بریلی اور امیٹھی کے اپنے مضبوط گڑھ کے علاوہ کانگریس کانپور نگر، فتح پوری سیکری، بسگاؤں، سہارنپور، پریاگ راج، مہاراج گنج، امروہہ، گھانسی، بلند شہر ، غازی آباد، متھرا، سیتاپور، بارہ بنکی اور بیوریا سے اپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔ امیٹھی میں کانگریس کو 2019ء کے الیکشن میں بی جے پی سمرتی ایرانی کے مقابل شکست ہوئی ہے۔ مذکورہ بالا حلقوں کے علاوہ کانگریس کو وارانسی بھی الاٹ کیا گیا ہے جو وزیراعظم مودی کا حلقہ ہے۔ سماج وادی پارٹی اپنے حصہ کے 63 حلقوں میں سے علقاائی پارٹیوں کو کچھ نشستیں دے گی۔ ویسے ایس پی کے حلیف پارٹیوں میں کم از کم ایک کی کمی ہوچکی ہے کیونکہ جینت چودھری کا راشٹریہ لوک دل دوبارہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرچکا ہے حالانکہ ایس پی نے گزشتہ ماہ ہی آر ایل ڈی کے ساتھ 7 نشستی معاملت پر اتفاق کرلیا تھا۔