لکھنو 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ نے ریاست میںکورونا معائنوں کی صلاحیت میں اضافہ کرنے پر زور دیا ہے اور عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹسٹنگ لیبس کے کام کاج کو بہتر بنائیں۔ لاک ڈاون کی صورتحال پر سینئر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ان لیابس کی کارکردگی کو بہتر بنائیں جہاں کورونا کے معائنے ہوتے ہیں۔ اس کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے اور بہتر تال میل کیا جائے ۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ چیف منسٹر نے ریاست میں یومیہ 10,000 معائنوں کی صلاحیت پیدا کرنے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے حکام سے وینٹیلیٹرس کے بہتر استعمال کیلئے ورکرس کو تربیت دئے جانے سے متعلق بھی معلومات حاصل کیں۔ اس کے علاوہ یہ ہدایت بھی دی کہ ڈاکٹرس تمام میڈیکل کالجس و ہاسپٹلس کے وقفہ وقفہ سے دورے کرتے رہیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ صفائی کے بھی موثر انتظامات کریں اور ضرورت مند افراد کو غذا فراہم کی جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 27 لاکھ مزدور و ورکرس ریاست کو واپس آچکے ہیں۔