یوکرین جنگ میں ایک اور صحافی ہلاک

   

کیف : یوکرین میں جاری جنگ کی کوریج کرتے ہوئے ایک اور فوٹوگرافر اور ویڈیو گرافر کی ہلاکت ہوئی ہے جو ایک مقامی نیوز ویب سائٹ کے لیے کام کرتے تھے۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فوٹوگرافر اور ویڈیو گرافر ماقسم لیوون کی نعش جمعہ کو یوکرین کے دارالحکومت کیئف کے شمال میں واقع ایک گاؤں سے ملی تھی۔ماقسم لیوون دستاویزی فلمیں بناتے تھے اور سال 2013 سے روئٹرز کے لیے بھی یوکرین کو کوور کر رہے تھے۔ماقسم لیوون یوکرین میں سال 1981 میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنے پیچھے اہلیہ اور چار بچے چھوڑے ہیں۔یوکرین کے پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے کہا ہے کہ ماقسم لیوون کو روسی فوج نے دو گولیاں مار کر کے ہلاک کیا ہے۔روئٹرز کے گلوبل منیجنگ ایڈیٹر جان پل مین نے کہا کہ ماقسم لیوون کی موت کا سن کر بہت افسوس ہوا، وہ بہت عرصے سے روئٹرز کے ساتھ منسلک تھے۔