ماسکو: روس نے یوکرین کی جنگ میں اپنے فوجیوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کی تعداد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’بہت بڑا صدمہ‘ قرار دیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق روسی صدارتی دفتر کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے سکائی نیوز کو کہا کہ یوکرین میں جنگ کے دوران بڑی تعداد میں روسی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ’یہ ہمارے لیے ایک بہت بڑا صدمہ ہے۔‘24 مارچ کو نیٹو نے کہا تھا کہ چار ہفتوں کے دوران روس کے سات سے 15 ہزار فوجی مارے گئے ہیں۔روس نے یوکرین پر 24 فروری کو حملہ کیا تھا۔ ماسکو نے تسلیم کیا تھا کہ یوکرین پر حملے میں اتنی تیزی سے پیشرفت نہ ہوئی جیسے وہ چاہتا تھا۔روس کے وزیراعظم میخائل میشوسٹن نے کہا ہے کہ مغربی پابندیوں کی وجہ سے روس کو مشکل ترین معاشی صورتحال کا سامنا ہے۔امریکی کانگریس نے روس کی ’پسندیدہ ملک‘ کی تجارتی حیثیت کو بھی ختم کر دیا ہے۔ واشنگٹن نے روس کی دو سرکاری کمپنیوں کو بھی بلیک لسٹ کیا ہے۔یوکرین نے مغربی اتحادیوں سے مطالبہ کیا تھا وہ روس سے تیل اور گیس خریدنا بند کر دیں۔