یوکرین کی ریلوے لائن پر روس کا ڈرون حملہ

   

کیف : 17 ستمبر ( ایجنسیز ) حکام کا کہنا ہے کہ کل شب روسی ڈرون حملے نے یوکرین کے مرکزی علاقے کیرووہراد میں بجلی کی فراہمی کو جزوی طور پر منقطع کر دیا اور ریلوے آپریشنز میں خلل ڈالا۔اینڈری ریکووچ نے ٹیلیگرام پرلکھا ہے کہ ، “اس وقت، علاقائی مرکز اور اولیکساندریو سے منسلک 44 دیہاتوں میں بجلی کی فراہمی جزوی طور پر منقطع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ نجی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور ریلوے سفر میں خلل پیدا ہوا ہے۔ ایمرجنسی سروسز نے تین مقامات پر آگ بجھانے کی اطلاع دی اور کہا کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔یوکرین کے نائب وزیر اعظم اولیکسی کولیبا نے کہا کہ روسی فورسز نے رات کے حملے میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا، تاہم انہوں نے مقام کی وضاحت نہیں کی۔انہوں نے کہاکہ ایسے حملوں کا واضح مقصد یہ ہے کہ مسافر اور مال بردار نقل و حمل میں خلل پیدا کیا جائے، ٹرانسپورٹ کے مستحکم عمل کو متاثر کیا جائے، اور عوام اور معیشت پر اضافی دباؤ ڈالا جائے۔دوسری جانب آر آئی اے نیوز ایجنسی نے پلانٹ کے ایک نمائندے کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ زاپوریزیا نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیب پر یوکرینی حملے کے بعد لگنے والی آگ بجھا دی گئی ہے۔