کیف : روسی ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کا ایک فوجی قافلہ جمعرات کی صبح یوکرین کے دارالحکومت کیف سے 35 کلو میٹر دور واقع شہرBrovary کے ایک علاقہ میں یوکرینی فوج کے جال میں پھنس گیا۔ اس دوران پے درپے 5 روسی ٹینک تباہ ہو گئے۔ یہ قافلہ دارالحکومت کیف پر حملے کی تیاری کے سلسلے میں دارالحکومت کی جانب گامزن تھا۔روسی ڈرون طیارے کے کیمرے نے اس واقعے کی وڈیو محفوظ کر لی جو یوکرینی فوج نے بھی حاصل کر لی۔ وڈیو میں ایک روسی فوجی کمانڈر کی آواز سنی جا سکتی ہے۔ یہ کمانڈر اپنے قائدین کو واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے آگاہ کر رہا ہے کہ کس طرح روسی فوجی قافلہ پر اچانک حملہ ہو گیا۔برطانوی اخبار ’’دی گارڈین‘‘ میں دفاعی اور سیکورٹی امور کے چیف ایڈیٹر سباغ ڈان نے واضح کیا ہے کہ اس واقعے میں روسی فوج کا کمانڈر مارا گیا۔ ڈان نے یہ بات سیکورٹی اور انٹیلی جنس کی تحقیقات سے متعلق ہالینڈ کی ویب سائٹ Bellingcat کے حوالے سے بتائی ہے۔امریکی میرینز کے ایک سابق فوجی اہل کار اور روسی فوج کے امور کے ماہرلی راب کے مطابق روسی بکتر بند فورس نے کیف کے نزدیک خراب تدبیر کا مظاہرہ کیا۔ اس لیے کہ یہ فورس یوکرین کے توپ خانے کی پہنچ میں تھی۔ فورس نے ایک ساتھ اکٹھا ہونے کا فیصلہ کیا جس نے انہیں بالواسطہ فائرنگ کا نشانہ بنایا۔