واشنگٹن : اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نے کہا ہے کہ یوکرین میں دنیا کو ’’بہت طویل راستے‘‘ کیلئے تیار رہنا چاہیے۔ اس دوران کییف اور ماسکو کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور بھی تنازعہ ختم کرنے میں ناکام رہا۔ بات چیت آج بھی جاری رہے گی۔اقوام متحدہ نے پیر کو اس بات پر زور دیا کہ یوکرین میں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے ایک محفوظ راستے پر فوری طور پرکام کرنے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ کا کہنا تھا کہ دنیا کو یوکرین میں اب ایک ’’بہت طویل اور کافی مشکل راستے‘‘ کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔یورپی یونین کے اعلیٰ سفارت کار جوسیپ بوریل نے کہا کہ یوکرین سے پناہ گزینوں کا سلسلہ جاری ہے اور جنگ سے بچنے کے لیے تقریباً پچاس لاکھ تک پناہ گزین یورپی یونین کے ملکوں کی جانب رخ کر سکتے ہیں۔یوکرین کے صدر وولودمیر زیلنسکی نے روس پر انخلاء کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا ہے کہ چونکہ روس کی جانب سے شیلنگ جاری ہے اس لیے اس نے دارالحکومت کیف، ماریوپول، سومی اور خارکیف جیسے محاصرہ زدہ شہروں سے عام شہریوں کے انخلاء کو روک دیا ہے۔