یوکرین کے وزیر خارجہ کا آج دورۂ پاکستان

   

Ferty9 Clinic

کیف ؍ اسلام آباد : یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا 20 جولائی کو اسلام آباد کا سرکاری دورہ کریں گے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے بھی تفصیلی بات چیت کریں گے۔پاکستان اور یوکرین کے درمیان خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔خیال رہے کہ دیمیترو کولیبا کا یہ دورہ 1993 میں پاکستان اور یوکرین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد یوکرین کا پہلا وزارتی دورہ ہے۔دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یوکرینی وزیر خارجہ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔یوکرینی وزیر خارجہ کے متوقع دورہ پاکستان کے حوالے سے باخبر ذرائع نے کہا تھا کہ دورے کے حوالے سے کئی سوالات اُٹھنے کا امکان ہے اور روس، ہندوستان اور مغربی ممالک کی جانب سے اس کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔عہدیدار نے کہا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ روس یوکرین تنازع میں غیرجانبداری برقرار رکھی ہے اور اس چیز کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ اس کی جانب سے کوئی منفی پیغام نہ جائے جبکہ روسی اور پاکستانی حکام کے درمیان بھی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔