صرف دہلی شہر میں ہی یوگا کے 465 کیمپوں سے 16000 سے زائد لوگ مستفید
نئی دہلی : دہلی حکومت کی ہوم آئسولیشن کررہے کورونا سے متاثرین کے لئے ‘دہلی کی یوگ شالہ’ پروگرام کے تحت شروع کی گئی آن لائن یوگا کلاسیں کامیاب رہیں اور 4600 سے زیادہ متاثرہ افراد نے اس سے فائدہ اٹھایا اور 92.3 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ یوگا کرنے کی وجہ سے ان کے صحت میں بہتری آئی۔دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے جمعہ کو یہاں کہا کہ دہلی کا یوگا شالا پروگرام کجریوال حکومت کا یوگا کے ذریعے دہلی کے لوگوں کو صحت مند رکھنے کا ایک منفرد اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ جس مقصد کے تحت ‘دہلی کی یوگ شالا’ پروگرام شروع کیا گیا تھا وہ پورا ہو رہا ہے اور لوگ اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت کورونا کے دوران متاثرہ افراد کو مفت آن لائن یوگا کلاسز فراہم کی گئیں، جس سے نہ صرف انہیں کورونا انفیکشن سے صحت یاب ہونے میں مدد ملی بلکہ ان کی کھانسی، نزلہ، جسم میں درد، سانس لینے میں تکلیف وغیرہ سے بھی نجات ملی۔دہلی حکومت کی ان مفت یوگا کلاسز کے حقیقی فائدے جاننے کے لیے دہلی فارماسیوٹیکل سائنسز اینڈ ریسرچ یونیورسٹی کی جانب سے ایک تحقیق کی گئی جس کے شاندار نتائج سامنے آئے ۔ اس تحقیق میں شامل 92.3 فیصد لوگوں نے اعتراف کیا کہ انفیکشن کے دوران یوگا کرنے سے انہوں نے کورونا کی تمام علامات میں بہتری دیکھی اور انہیں سانس پھولنے جیسی پریشانی نہیں ہوئی۔ تحقیق میں شامل زیادہ تر مریضوں کی عمریں 30 سے 70سال کے درمیان ہیں۔ زیادہ تر مریضوں نے اعتراف کیا کہ یوگا کے دوران انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ زیادہ تر مریض یوگا کرنے سے پانچ سے سات دنوں میں کورونا انفیکشن سے ٹھیک ہو جاتے ہیں۔واضح رہے کہ ‘دہلی کی یوگ شالا’ پروگرام کے تحت اس وقت پوری دہلی میں 465 کیمپ لگائے گئے ہیں اور 16,000 سے زیادہ لوگ اس میں شامل ہیں اور اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔