یوگی نے 10 لاکھ سے زیادہ طلبہ کی اسکالرشپ جاری کی

   

لکھنؤ17 اکتوبر (یواین آئی) اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دیوالی سے ٹھیک پہلے طلبہ میں اسکالر شپ تقسیم پروگرام کے تحت ایک ساتھ 10 لاکھ 28 ہزار 205 طلبہ کو 300 کروڑ روپے کی اسکالرشپ رقم ڈی بی ٹی کے ذریعے براہِ راست ان کے بینک کھاتوں میں منتقل کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پروگرام صوبے کے ہوشیار طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنے اور ان کی تعلیم میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دینے کے عزم کے ساتھ منعقد کیا گیا ہے ۔
یہ ڈبل انجن حکومت کی تعلیم اور بااختیار بنانے کی مہم کی نئی کڑی ہے ۔ اس سے پہلے بھی وِجے دشمی کے موقع پر بڑی تعداد میں طلبہ کو وظیفہ دیا گیا تھا۔ پہلے وظیفہ تقسیم کے عمل میں امتیاز، تاخیر اور بدعنوانی جیسے مسائل عام تھے ، لیکن وزیرِ اعظم مودی کی قیادت میں ٹیکنالوجی پر مبنی ڈی بی ٹی نظام کے نفاذ سے اب اہل طلبہ کے کھاتوں میں رقم براہِ راست پہنچ رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب وظیفہ سال میں ایک بار نہیں بلکہ دو مراحل میں (اکتوبر اور جنوری میں) دیا جائے گا تاکہ طلبہ کو بروقت مدد مل سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2016-17 تک صرف 46 لاکھ طلبہ وظیفہ سے فائدہ اٹھاتے تھے ، جبکہ اب یہ تعداد 62 لاکھ تک پہنچ گئی ہے ۔