یو اے ای میں پھنسے دو ہندوستانیوں کی پاکستانی شہری نے مدد کی

   

دبئی ۔ 26 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہند وپاک کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کے باوجود پاکستان کے ایک دینی معلم نے یو اے ای میں پھنسے ہوئے دو ہندوستانیوں کی مدد کی کیونکہ دونوں ہی ایک ٹراویل ایجنٹ کی دھوکہ دہی کا شکار تھے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق محمد عثمان اور شیوا کمار جن کا تعلق بالترتیب کیرالا اور ٹاملناڈو سے تھا ، نے نور محمد نامی ایک ٹریول ایجنٹ سے رجوع کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت حاصل کرنے کی خواہش کی تھی تاکہ وہ اپنے قرضوں کی ادائیگی کرسکیں اور دوبارہ ہندوستان آجائیں ۔ ٹریویل ایجنٹ نے دونوں سے فی کس دو لاکھ روپئے طلب کئے اور کہا کہ انہیں آسٹریلیا بہت جلد بھیج دیا جائے گا لیکن انہیں تھائی لینڈ کا ٹکٹ تھمادیا گیا اور یہ کہا گیا کہ انہیں جلد ہی آسٹریلیا کا ویزا بھی فراہم کردیا جائے گا ۔ دونوں کو تھائی لینڈ میں بھی روک دیا گیا کیونکہ ’’ویزا آن ارائیول‘‘ کے تحت دونوں ہندوستانیوں کے پاس درکار کاغذات نہیں تھے ۔ بڑی مصیبت سے دونوں ہندوستان واپس آئے اور ٹریویل ایجنٹ سے اپنا روپیہ طلب کیا جو اس نے دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا آسٹریلیا کا ویزا تیار ہے اور انہیں براہ یو اے ای سفر کرنے میں آسانی ہوگی ۔ یو اے ای پہنچنے پر وہ بہت زیادہ مشکلات میں گھر گئے اور اسی وقت محمد اسد اللہ نامی پاکستانی نے ان کی مدد کی جو وہاں ایک ولا کا مالک تھا ۔ اس نے دونوں سے وہاں ٹھہرنے کا کوئی کرایہ نہیں لیا اور کھانا بھی مفت فراہم کیا۔