تعلیمی سیشن کایکم اکتوبر سے آغام۔ تمام یونیورسٹیوں کو داخلے کا عمل 30 ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت
نئی دہلی: یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے 2021-22 سیشن کے لئے اکیڈمک کیلنڈر اور امتحانات کے لئے رہنما خطوط جاری کر دیے ہیں، جس میں تمام یونیورسٹیوں کو 31 اگست 2021 سے پہلے آخری سال اور سمسٹر کے امتحانات منعقد کرانے کو کہا گیا ہے۔ یو جی سی کی طرف سے جمعہ کی دیررات گئے جاری رہنما خطوط میں میں 2021 میں بیچلر ڈگری کے لئے داخلے میں سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کرنے کو کہا گیا ہے۔ یو جی سی نے کہا کہ کالجوں میں داخلہ کا عمل سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای)، کونسل فار دی انڈین اسکول سرٹیفکیٹ ایگزیمینیشن (آئی سی ایس ای) اور ریاستی بورڈ کے 12 کے نتائج کے اعلان کے بعد شروع کیا جائے گا۔ یو جی سی نے رہنما خطوط میں کہا ہے کہ انڈرگریجویشن میں داخلے کا عمل یکم اگست 2021 سے شروع ہوگا، جبکہ نیا تعلیمی سیشن یکم اکتوبر 2021 سے شروع ہوگا۔ اس کے علاوہ یو جی سی نے تمام یونیورسٹیوں کو داخلے کا عمل 30 ستمبر 2021 تک ختم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ خالی نشستوں کو پر کرنے کے لئے 31 اکتوبر تک کا وقت دیا گیا ہے۔ یو جی سی نے کہا ہے کہ کسی بھی وجہ سے 12ویں کے کسی بھی بورڈ کے نتائج میں تاخیر ہوتی ہے تو نیا سیشن 18 اکتوبر سے شروع کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے 24 جون کو سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای کو 31 جولائی تک 12ویں کے نتائج جاری کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ادھر ہماچل پردیش اور بہار سمیت کئی ریاستی بورڈوں نے 12ویں کے نتائج جاری کر دیئے ہیں۔