یو پی ایس سی 2020 نتائج مہیش بھاگوت کی رہنمائی والے 131 امیدوار کامیاب

   

حیدرآباد۔ 25 ستمبر ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ پولیس کمشنر مہیش بھاگوت کی نگرانی میں جاریہ سال 131 سیول سرویس امیدواروں کو کامیابی حاصل کرنے میں مدد ملی ہے ۔ مہیش بھاگوت گذشتہ سات برسوں سے سیول سروسیس امتحان لکھنے کے خواہاں امیدواروں کی مدد کرتے ہیں۔ ان کی تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں۔ انہیں سبجیکٹس کے انتخاب میں مشورہد یتے ہیں اور ان کی شخصیت کو نکھارنے اور انٹرویو میں کامیابی حاصل کرنے کے گر سکھاتے ہیں۔ اس سال جملہ 761امیدواروں کا یو پی ایس سی نے آئی اے ایس ‘ آئی پی ایس ‘ آئی ایف ایس ‘ سنٹرل سروسیس ‘ گروپ اے اور گروپ بی خدمات کیلئے انتخاب کیا ہے ۔ ان
میں131 امیدوار ایسے ہیں جنہیں مہیش مرلی دھر بھاگوت کی رہنمائی حاصل تھی ۔ کہا جا رہا ہے کہ 100 کے اندر رینک حاصل کرنے والے 19 امیدوار ایسے ہیں جنہیں مہیش بھاگوت کی رہنمائی حاصل تھی ۔ مہیش بھاگوت اپنی ڈیوٹی کے علاوہ سیول سروسیس کے خواہاں امیدواروں کی رہنمائی کرتے ہیں اور یہ خدمت مفت ہوتی ہے ۔ ان کی بے تکان کوششوں سے اب تک 1000 افراد نے استفادہ کیا ہے اور امتحانات میں کامیاب ہوئے ہیں۔