لکھنؤ: 10 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) مرکزی جانچ اجنسی(سی بی آئی) نے اترپردیش میں دو سینئر آئی اے ایس افسران کے خلاف غیر قانونی بالو کانکنی کے معاملے میں مقدمہ درج کیا ہے ۔ سی بی آئی ذرائع نے چہارشنبہ کو بتایا کہ پہلا کیس فتح پور ضلع کے ڈی ایم رہے ابھے کمار سنگھ ودیگر کے خلاف درج کیا گیا ہے ۔مسٹر ابھے اس وقت بلند شہر کے ڈی ایم ہیں۔دوسرا مقدمہ دیوریا کے ڈی ایم رہے وویک ودیگر کے خلاف درج کیا گیاہے ۔ مسٹر وویک اس وقت لکھنؤ کوشل وکاس نگم کے ایم ڈی اور ٹریننگ اینڈ امپلائمنٹ کے ڈائرکٹر ہیں۔ ذرائع کے مطابق چہارشنبہ کو اپنے مختلف مقامات پر چھاپہ ماری کے دوران سی بی آئی نے بلند شہر کے ڈی ایم ابھے کمار سنگھ کے مختلف مقامات سے 47 لاکھ روپئے برآمد کئے ہیں۔ ساتھ ہی سینئر بیوروکریٹس و سابق اے ڈی ایم دیوریا دیوی شرن اپادھیائے کے قبضے سے 10 لاکھ روپئے برآمد کئے ہیں اورسابق ڈی ایم دیوریا اس وقت ڈائرکٹر ٹریننگ اینڈ امپلائمنٹ لکھنؤ کے قبضے سے کچھ دستاویزات برآمد کئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی نے ان دو افسران کے خلاف ایف آئی آر اپنی اس کاروائی کے بعد کیا ہے جس میں اس نے یو پی کے 12 مقامات پر چھاپہ ماری کی تھی۔ سی بی آئی نے جن بارہ مقامات پر چھاپہ ماری کی ہے ان میں بلند شہر، لکھنؤ، فتح پور، اعظم گڑھ، الہ آباد، نوئیڈا، گورکھپور اور دیوریا وغیرہ شامل ہیں۔
