لکھنو ۔ 2جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش میں لاوارث مویشیوں کیلئے عارضی سائبان کی فراہمی پر مالیہ کی فراہمی کیلئے ٹیکس عائد کرنے ریاستی آدتیہ ناتھ حکومت کے فیصلہ پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت تنقید کی اور کہا کہ اس سے عوام پر بوجھ عائد ہوگا ۔ اترپردیش کی بی جے پی حکومت نے گاؤشالاؤں کی تعمیر و دیکھ بھال کیلئے عوامی شعبہ کی ان 8کمپنیوں پر گائیوں کی دیکھ بھال کے نام پر 0.5 فیصد زائد ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ ٹیکس بعض ایسے ایکسپریس ویز پر بھی عائد ہوگا جہاں موٹر سوار پہلے ہی ٹول فیس ادا کرچکے ہوں گے ۔ سماج وادی پارٹی ، بہوجن سماج پارٹی اور کانگریس نے اس نئے ٹیکس کی مذمت کی ہے۔