یو پی میں گولڈ کا ذخیرہ دریافت ہونے کی تردید

   

کولکاتا؍ سونبھدر(یوپی)۔ 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جیولوجیکل سروے آف انڈیا (جی ایس آئی) نے ہفتہ کو کہا کہ اترپردیش کے ضلع سون بھدرا میں سونے کا کوئی ذخیرہ دریافت نہیں ہوا ہے، جس کا کانکنی کے ضلعی عہدہ دار نے دعویٰ کیا ہے۔ جی ایس آئی ڈائریکٹر جنرل ایم سریدھر نے آج شام کولکاتا میں نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ جی ایس آئی کی طرف سے ایسا کوئی ڈیٹا کسی کو بھی نہیں دیا گیا ہے کہ سون بھدرا میں تقریباً 3,000 میٹرک ٹن گولڈ دریافت ہوا ہے۔ ’’ہم کوئی بھی وسائل یا کچدھات سے متعلق ہماری تحقیق کا ریاستی اداروں کے ساتھ سروے منعقد کرنے کے بعد اظہار کرتے ہیں۔‘‘ جی ایس آئی کا ہیڈکوارٹر کولکاتا میں واقع ہے۔ قبل ازیں گزشتہ روز ضلعی عہدہ دار کے کے رائے نے 3,000 ہزار ٹن سونا دریافت کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس کی مالیت 12 لاکھ کروڑ روپئے بتائی گئی۔ سونے کا اس قدر ذخیرہ ہندوستان کے گولڈ کے موجودہ ذخیرہ کا تقریباً 5 گنا ہے۔ انھوں نے بتایا تھا کہ سونے کا یہ ذخیرہ سون پہاڑی اور ہردی علاقوں میں دستیاب ہوا ہے۔