بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانا ہوگا، ہریانہ میںونیش پھوگاٹ کی مہم سے خطاب
چندی گڑھ: کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے چہارشنبہ کو ہریانہ کے عوام سے 5 اکتوبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ ناانصافی کے خلاف لڑائی ہے۔ پرینکا نے اپنی پارٹی کے امیدوار اور اولمپک ریسلر ونیش پھوگاٹ کے حق میں مہم چلاتے ہوئے جولانہ، ہریانہ میں ایک ریالی سے خطاب کیا۔ روزگار، اگنی ویر فوجی بھرتی اسکیم اور کسانوں کی فلاح و بہبود سمیت مسائل پر ریاست میں بی جے پی کی زیرقیادت حکومت پر تنقید کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے الزام لگایا کہ حکمران جماعت نے ہر سطح پر لوگوں کو دھوکہ دیا ہے۔ اس نے کہاکہ کروکشیتر کی جنگ اور برطانوی حکومت کے خلاف لڑائی جیسا موقع ایک بار پھر آیا ہے۔ انہوںنے الزام لگایا کہ مودی حکومت صرف مٹھی بھر صنعتکاروں کے فائدے کیلئے کام کرتی ہے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے قاصر ہے کیونکہ اس نے امبانی اور اڈانی کو ہر چیز دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بندرگاہیں، زمین، صنعت، ہوائی اڈے بڑے صنعت کاروں کو دیے گئے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ آج چھوٹے کاروباروں اور زراعت کے شعبے سے روزگار کے مواقع پیدا نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت روزگار فراہم کرنے کا کام نہیں کر سکتی، کیونکہ اس کی پالیسیاں اس کے خلاف ہیں ۔ اگنی ویر اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ اگنی ویر کو پنشن نہیں ملے گی اور چار سال کی سرویس کے بعد انہیں دوبارہ ملازمت کی تلاش کرنی ہوگی۔ پرینکا گاندھی نے عوام سے کہا کہ 10 سال سے کسانوں، فوجیوں، پہلوانوں اور خواتین کے ساتھ ناانصافی کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔