واشنگٹن ۔ وائٹ ہاوس نے کورونا وائرس کے دوران امدادی پروگرام میں سے 100ارب ڈالر چوری ہونے سے متعلق سیکرٹ سروس کی رپورٹ پرکوئی توجہ نہیں دی۔ خبررساں اداروں کے مطابق وائٹ ہاوس کی پریس سیکرٹری جین ساکی سے رپورٹ کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے یہ کہہ کر تبصرہ کرنے سے انکارکردیا کہ رپورٹ میں فراڈ سے متعلق کوئی نئی تحقیق یا ڈیٹا فراہم نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ سیکریٹ سروس نے منگل کے روز بتایا تھا کہ اس کی رپورٹ مختلف کیسوں، محکمہ محنت اور اسمال بزنس ایڈمنسٹریشن کی طرف سے فراہم کردہ ڈیٹا پر مبنی ہے۔ ایجنسی کے ترجمان نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ وہ اپنی ویب سائٹ پر جاری رپورٹ میں کوئی ترمیم نہیں کریں گے۔ وائٹ ہاوس کی ترجمان جین ساکی کے مطابق سیکرٹ سروس نے دو پرانی رپورٹوں میں اضافہ کیا ۔ یہ دو رپورٹیس چھوٹے کاروباروں کے قرضوں اور بے روزگاری انشورنس سے متعلق تھیں،جن سے ہم آگاہ تھے۔ ان پر بات کرنا وقت کا ضیاع ہوگا۔