۔17 ستمبر 1948 ایک تاریخ کا سیاہ باب ، شہداء کیلئے دعائے مغفرت، وحید احمد و دیگر کی شرکت

   

حیدرآباد ۔ 18 ستمبر (راست) تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹس فورم کے ریاستی صدر و رکن وقف بورڈ جناب وحید احمد ایڈوکیٹ کی جانب سے مسجد جودی کنگ کوٹھی میں شہداء حیدرآباد کیلئے تلاوت کلام پاک و دعائے مغفرت کی گئی اور ساتھ نظام دکن آصف جاہ بہادر میر عثمان علی خان کی مزار پر چادرگل پیش کی گئی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ نائب صدر فورم میر واجد علی خان، کنوینر حیدرآباد فورم جناب محمد ساجد علی، محمد برہان ایڈوکیٹس، ٹی آر ایس قائدین میں جناب اظہارالحق صدیقی، محمد عبدالمقیط چندہ، سید لطیف احمد، لطیف شرفن، محمد اعجاز، شیخ فہیم، سید فہیم، محمد اسلم، محمد عبدالرحیم، محمد سلیم، شیخ اظہر اور دیگر موجود تھے۔ جناب وحید احمد نے کہا کہ فورم وزیراعلیٰ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی ممنون و مشکور ہے جنہوں نے لبریشن ڈے منانے سے صاف انکار کردیا اور آصف جاہی دور کو صحیح طور پر پیش کیا اور آپ کے تاریخی کارناموں کو بھی سراہا۔ وحید احمد نے کہا کہ 17 ستمبر تاریخ کا ایک سیاہ باب رہا ہے جس میں پولیس ایکشن (پولو ایکشن) کے نام پر کچھ شرپسند نے قتل عام اور بربریت مچائی تھی۔ سندر لال کمیٹی کی جانب سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ 27 تا 40 ہزار معصوم عوام کی جانیں لی گئی۔ تاریخ گواہ ہے آصف جاہی کارناموں کی وجہ سے آج تلنگانہ، کرناٹک، مہاراشٹرا کی حکومتوں کو ان کے تاریخی کارناموں کی وجہ سے مالی مدد اور فائدے حاصل ہورہے ہیں۔ خود آصف جاہی حکمرانوں نے ہمارے ملک کو کئی بار مالی مدد بھی کی اور بلامذاہب و ملت کئی کام کئے۔ خودحکمراں ہوتے ہوئے ریاست کا وزیراعظم مہاراجہ کشن پرساد کو بنایا تھا۔ اکثریتی ماحول میں حکمرانی کی جس کا نام تاریخی اوراق میں لکھا جس کا ریکارڈ برقرار ہے اور خود ہی ریاست کو ہندوستان میں ضم کیا۔