’۔19ویں صدی کے باکمال شاعروں میں مرزا غالبؔ کا نام نمایاں‘

   

ازبکستان کے شہر تاشقند کی یونیورسٹی میں مرزا غالبؔ پر شاندار تقریب کا انعقاد

نئی دہلی/ تاشقند: انیسویں صدی کے باکمال شاعر مرزا غالب پر ازبکستان کے شہر تاشقند کی ایک یونیورسٹی میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس تقریب کے دوران پروفیسر چندر شیکھر اور محیا عبدالرحمانوا کی مشترکہ تصنیف ‘منتخب غزلیات غالب’ کی رسم اجرا انجام دی گئی۔اس موقع پر ہندوستانی سفیر منیش پربھات نے اپنی افتتاحی تقریر میں مہمانوں اور شرکاء کا استقبال کیا اور کہا کہ غالب ایک غیر معمولی صلاحیت کے تخلیق کار کی حیثیت سے نہ صرف ہندوستان بلکہ ساری دنیا کی تہذیب کا ایک حصہ بن گئے ہیں ان کی شہرت ان کی غزلوں میں انسانی جذبات اور سچے مشاہدات و تجربات کی خوبصورت پیش کش کے سبب ہے۔پروفیسر چندر شیکھر نے ازبکستان اور ہندوستان کے مابین رشتوں پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غالب پر ناز کرنے کا حق صرف ہندوستانی عوام کو ہی نہیں بلکہ ازبک عوام کو بھی حاصل ہے جو نسبی اعتبار سے سمرقند کے تھے جن کے دادا قوقان بیگ سمرقند سے ہندوستان آ ئے تھے، ہمیشہ سلجوقی ترک ہونے پر فخر کرتے تھے۔ ازبیک عوام کے غالب کے کلام سے گہرا شغف رکھنے کے مدنظر قارئین کی تشنگی بجھانے کے لیے یہ کتاب مہیا کی گی ہے۔