۔22 سالہ طالبہ رچنا سری بلدیہ کی کم عمر کارپوریٹر

   

عوامی خدمت کے ساتھ ایم بی اے کی تکمیل کا عزم
حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد بلدی انتخاب میں منتخب 149 کارپوریٹرس میں سب سے کم عمر کارپوریٹر بی جے پی کی 22 سالہ طالبہ جی رچنا سری ہیں جو کواڑی گوڑہ سے منتخب ہوئی ہیں۔ ایک ماہ قبل رچنا نے بی اے کمپیوٹرس برکت پورہ کالج سے تکمیل کی۔ پوسٹ گریجویشن سے قبل انہوں نے کواڑی گوڑہ ڈیویژن سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد گذشتہ 33 سال سے سیاست میں سرگرم ہیں اور مجھے بھی انہوں نے کامیاب ترغیب دی۔ رچنا سری نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ کے بنیادی مسائل کی یکسوئی میں دلچسپی لیں گی۔ رچنا نے بتایا کہ وہ عوامی خدمت کے ساتھ ایم بی اے تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ کواڑی گوڑہ سے انہوں نے ٹی آر ایس کو 1477 ووٹوں سے شکست دی۔ ان کا کہنا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سیاست میں حصہ لینا چاہیئے۔ نومنتخب کارپوریٹرس میں 10 کی عمر 29 سال سے کم ہے۔ 30 تا39 سال کے 43 ، 40 تا49 سال کے 59 ، 50 تا 59 سال کے 35 کارپوریٹرس منتخب ہوئے ہیں۔